بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان ریلویز فریٹ سیکٹر کی شاندار کارکردگی، چھ ماہ میں 17 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن

پاکستان ریلویز کے فریٹ سیکٹر نے اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف چھ ماہ کے دوران 17 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کر لی ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق ہڑتال جیسے چیلنجز کے باوجود نومبر اور دسمبر میں فریٹ آپریشن سے مسلسل 3 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا گیا، جو ادارے کی مضبوط حکمتِ عملی اور بہتر انتظام کا واضح ثبوت ہے۔
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ مالی سال کے اختتام تک صرف فریٹ سیکٹر سے 38 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے، جبکہ 2026 میں پاکستان ریلویز پہلی مرتبہ ایک کھرب روپے آمدن حاصل کرنے والا ادارہ بن جائے گا۔
انہوں نے مسافروں کو یقین دلایا کہ 2026 کے اختتام تک تمام ٹرینوں کو اپ گریڈ کر دیا جائے گا، تاکہ مسافروں کو محفوظ، جدید اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیرِ ریلوے کے مطابق آنے والے برس میں ٹرینوں میں کیمرے نصب کیے جائیں گے اور پاکستان ریلویز کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا جائے گا۔
ریلوے پولیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی جا چکی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ بغیر ٹکٹ سفر، اسمگلنگ اور چوری جیسے مسائل پر مؤثر کنٹرول حاصل کیا گیا ہے، جبکہ شفاف بھرتیوں کے ذریعے اہل اور قابل افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیرِ ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اصلاحات کا یہ عمل پوری رفتار سے جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستان ریلویز کو ایک مضبوط، محفوظ اور جدید ادارے میں تبدیل کیا جا سکے۔