بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم عوام کوبہت بڑا ریلیف دیں گے،مریم نوازکادعویٰ

شیخوپورہ(نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے دعویٰ کیاہے کہ آنے والے چند دنوں میں وزیراعظم شہباز شریف عوام کوبہت بڑا ریلیف دیں گے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں نیچے جا رہی ہیں،عوام شیر پر بھروسہ رکھیں ،مہنگائی میں کمی ہوگی ، عمران خان تم کچھ بھی کر لو نواز اور شہباز شریف غریب عوام کا گھر روشن کریں گے ۔ جمعہ کی شب شیخوپورہ کے حلقے پی پی 140 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ میں یہاں کی عوام کودونوں ہاتھوں سے سلام کرتی ہوں، جتنی محبت مجھے اس گرمی کے باوجود مجھے شہر نے دی ہے میرا بس نہیں چل رہا میں عوام میں آ جاؤں۔ یہاں جذبے دیکھ کر لگتا ہے کہ 17 جولائی کو شیر واپس آ رہا ہے۔ عوام کا جم غفیر گراؤنڈ کے باہر موجود ہے۔ میاں خالد محمود کو مبارکباد دیتی ہوں ، اس حلقے سے آپ الیکشن جیت چکے ہیں۔ عمران خان شیخوپورہ یہاں سے چھوٹا سے جلسہ کر کے گیا، بتانا چاہتی ہوں یہ شہر مسلم لیگ ن کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتا تھا وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گامگر وزیراعظم ہاؤس کوبلیک میلنگ کا اڈہ بنادیا، عمران خان نے مسلم لیگ (ن) پر جھوٹے الزامات لگائے، ویڈیو کےذریعے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا، ایک خاتون عمران خان کے پاس انصاف کیلئے گئی تھی، عمران خان نے خاتون کی ویڈیو اپنے پاس رکھ لی۔ مریم نوازنے سابق وزیراعظم کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان سن لو۔تم کچھ بھی کر لو نواز اور شہباز شریف غریب عوام کا گھر روشن کریں گے،تمہارے چودہ طبق بھی روشن کریں گے، عوام جانتی ہے مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے، نوازشریف اورشہبازشریف نے ملک کو پہلے بھی بحرانوں سے نکالا تھا، اس باربھی ن لیگ عوام کو بحرانوں سے نکالےگی ،عوام کی امید کبھی ٹوٹنے نہیں دینگے، آنے والے چند دنوں میں شہباز شریف عوام کو بڑا ریلیف دیں گے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں نیچے جا رہی ہیں، شیر پر بھروسہ رکھنا مہنگائی میں کمی ہوگی،شہبازشریف نے صرف پنجاب کے لیے نہیں پورے پاکستان کیلئے آٹا سستا کیا۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے 100 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا اعلان کیا، خیبرپختونخوا کی عوام کو مفت بجلی دینے کے بجائے یہ عدالت چلا گیا، عوام کو ریلیف مل رہا ہے اس کے خلاف یہ عدالت چلا گیا ہے، عمران خان پنجاب کی دشمنی بہت حد تک آگے نکل گیا اس نے کہاکہ غریب کی مفت بجلی کو روکا جائے لیکن 17 جولائی کے بعد عوام کی بجلی فری دیں گے۔ انہوں نے عمران خان پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کل روز ٹی وی پر ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ عوام کا سر کھاتا ہے، ڈیڑھ گھنٹے میں ڈیڑھ منٹ بھی اپنی کارکردگی نہیں بتاسکتا، گالیاں نکالنے والا 4 سال میں اپنے 4 کام بھی عوام کو نہیں بتاسکتا۔ یہ ہمارے نام بدل کر پکارتا ہے، یہ ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب غریب ہوگیا ،بشریٰ بی بی اور فرح خان کے بچے امیر ہوگئے، پنجاب کو لوٹ کر یہ راتوں رات فرار ہوگئے۔مریم نواز نے کہا کہ جھوٹ بولے اور الزامات لگائے بغیر آپ کی روٹی ہضم نہیں ہوتی، کبھی عوام کو یہ تو بتا دو چارسال میں عوام کی کیا خدمت کی ہے؟ انہوں نے پوچھا کہ کیا عمران خا ن نے شیخوپورہ میں ایک بھی منصوبہ لگایا؟انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ انڈر پاس، یہ سڑکیں بھی نواز شریف نے بنائی ہیں، عمران خان کی وجہ سے ہمیں بجلی مہنگی کرنی پڑی، عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانا پڑیں، عوام جانتےہیں مہنگائی کس کی وجہ سے ہے، مہنگائی عمران خان کے 4 سالہ ظلم کی وجہ سے ہے۔ن لیگ کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ لوگوں کے منہ سے جو نوالہ تم نے چھینا ہے پنجاب تمہیں معاف نہیں کرے گا، یہ پنجاب کے جس حلقے میں ووٹ مانگنے جائیں اس سے پوچھنا پنجاب سے دشمنی کیوں کی؟ پنجاب کے عوام 17 جولائی کو ان کی سیاست دفن کرنے جا رہے ہیں، ن لیگ عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی ۔ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ میاں خالد محمود کو ووٹ دینا، یہ شیر کا امیدوار ہے، اس نے پنجاب کا مینڈیٹ آپ کو واپس دلوایا اور اپنی سیٹ کی پرواہ نہیں کی۔ فتنہ خان کو پتہ ہے کہ اگلے سال تک ہماری حکومت رہی تو مہنگائی کم ہو جائے گی، معیشت ٹھیک ہو جائے گی، حالات ٹھیک ہو جائینگے، ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، مسلم لیگ ن کو اپنی عوام کو تکلیفوں سے نکلوائے گی۔ انشاء اللہ مسلم لیگ ن چند مہینوں میں عوام کو بحرانوں سے نکالے گی۔