اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں منشیات کے مقدمے میں ملوث کرنے کے لئے جس پندرہ کلو اعلی قسم کی ہیروئن کو ارتکاب جرم کا ثبوت ثابت کرنے کے لئے استعمال کیا گیا وہ بنی گالہ سے فراہم کی گئی تھی اور اسے سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر ایک مہینے سے زیادہ عرصے تک اپنے پاس لئے لئے پھرتے رہے تاکہ اسے اسلام آباد کے پارلیمنٹ لاجز میںان کے اقامتی کمرے سے ’’برآمد ‘‘ کرکے انہیں یہاں سے گرفتار کیا جاسکے تاہم پولیس کے متعلقہ اہلکاروں نے اس میں تامل سے کام لیا اورآخر کار اسے اے این ایف کے ذریعے کارروائی کرکے ’’برآمد‘‘ کیا گیا۔
جمعہ کو جنگ / دی نیوز سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے اس امر کی نشاندہی کردی ہے کہ ہیروئن کے دھندے میں بنی گالہ کا ماخوذ ہونا بھی خارج از امکان نہیں جس کے بارے میں تفتیش متعلقہ ادارے کرینگے۔
اس دوران معلوم ہوا ہے کہ عمران حکومت کے طاقتور وفاقی وزیرفواد چوہدری کا یہ اعتراف کہ رانا ثناء اللہ خان کے خلاف مقدمہ غلط طور پربنایا گیا تھا جس کے لئے انہوں نے کابینہ کے اجلاس میں آواز بھی اٹھائی تھی اور ان کے استفسارات پر اے این ایف کا افسر اجلاس سے اٹھ کر چلا گیاتھا
اس پورے معاملے کی مکمل چھان بین کا تقاضا کرتا ہے متذکرہ وفاقی وزیرنے باوردی افسر جو امکانی طور پر اے این ایف کے سربراہ ہوسکتے ہیں پر جھوٹا مقدمہ بنانے کی کابینہ کے اجلاس میں ہی نشاندہی کردی تھی اس کے باوجود وزیراعظم نے رانا ثناء اللہ کے خلاف کارروائی کوآگے بڑھایا۔
رانا ثناء اللہ نے متعدد مواقع پرمطالبہ کیا ہے کہ اس امر کا سراغ ملنا چاہئے کہ سال مقدمہ بنانے کے لئے یہ ہیروئن کہاں سے حاصل کی گئی تھی اس سلسلے میں انہوں نے انسداد منشیات کے وفاقی وزیر زین بگٹی سے بھی بات کی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ر انا ثناء اللہ خان کےخلاف جعلی مقدمہ قائم کئے جانے کا اعتراف پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی صفوں اور اعلی سطح پر سامنے آیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں تمام مشتبہ مقدمات اسی طرح بنائے گئے اور چلائے گئے۔
ذرائع کے مطابق شہزاد اکبرنے جس اعلیٰ پویس افسر کو رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ بنانے اور ان پر ہیروئن ڈالنے کا مقدمہ بنانے کے لئے کہا تھا اس کے انکار پر اسے شہزاد اکبر نے پیشکش کی تھی کہ وہ صرف اس کی اس معاملے میں وزیراعظم سے ملاقات کرادیتے ہیں اور کارروائی کے نتیجے میں انہیں ’’انعام وا کرام‘‘ سے بھی نوازا جائے گا۔









