بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ایس ایل 2026 کے پلیئرز ڈرافٹ کی ممکنہ تاریخ 30 جنوری سامنے آ گئی

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی تیاریاں نئی ٹیموں کی نیلامی کے بعد مزید تیز ہو گئی ہیں۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے پلیئرز ڈرافٹ سے متعلق عملی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور ذرائع کے مطابق ڈرافٹ 30 جنوری 2026 کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈرافٹ سے پہلے تمام انتظامی معاملات جلد از جلد مکمل کرنے پر کام جاری ہے اور ڈرافٹ کے مقام اور حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان بھی جلد متوقع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرافٹنگ کا عمل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ایک دن کے وقفے میں رکھا جا سکتا ہے۔
ڈرافٹ میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان، کوچز اور دیگر نمائندے شریک ہوں گے۔ پی ایس ایل کی موجودہ ٹیموں—لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز—کے ساتھ اب 11ویں ایڈیشن سے دو نئی ٹیمیں سیالکوٹ اور حیدرآباد بھی لیگ کا حصہ ہوں گی۔
نئی ٹیموں کی شمولیت اور ڈرافٹ کی تیاریوں نے شائقین کرکٹ میں جوش و خروش مزید بڑھا دیا ہے، اور اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کون سے بڑے کھلاڑی کس فرنچائز کا حصہ بنتے ہیں۔