لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں گھریلو ناچاقی کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے بیوی کو جان سے محروم کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، حنا پرویز بٹ، مقتولہ کے گھر پہنچیں، متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ قانون کے مطابق ایسے جرائم میں ملوث شخص مجرم ہے اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانا حکومتِ پنجاب کی ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیرت، شک یا انا کے نام پر کسی کی جان لینا ناقابلِ قبول ہے اور ایسے واقعات میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی معاونت اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ حنا پرویز بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خواتین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی ترجیح ہے۔
لاہور میں گھریلو ناچاقی پر افسوسناک واقعہ،شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، ملزم گرفتار








