بھارت کے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے پہلی بار کھل کر بات کی ہے کہ وہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیے جانے پر مایوس ضرور ہیں لیکن سلیکٹرز کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شبمن گل کو شارٹ فارم میں زیادہ جارحانہ اوپننگ آپشنز کو ترجیح دینے کی وجہ سے ٹی20 اسکواڈ سے خارج کیا گیا، جبکہ انہوں نے گزشتہ 15 ٹی20 میچوں میں مجموعی طور پر 291 رنز بنائے تھے، جس کی بنیاد پر سلیکٹرز نے انہیں اس فارمیٹ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا۔
پریس کانفرنس میں شبمن گل نے کہا، “میں مانتا ہوں کہ اپنی زندگی میں جہاں ہونا چاہیے، میں وہاں ہوں اور جو کچھ میرے نصیب میں لکھا ہے، اسے کوئی مجھ سے نہیں چھین سکتا۔ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ملک کے لیے بہترین کارکردگی دکھائے، لیکن سلیکٹرز کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کی توجہ قومی ٹیم کے تین میچوں پر مشتمل نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز پر مرکوز ہوگی، جہاں تجربہ کار کھلاڑی ویرات کوہلی اور روہت شرما ان کی معاونت کریں گے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر شبمن گل نے خاموشی توڑ دی








