بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ،برجیس خان کا شاندار ٹائٹل حاصل

قومی انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد برجیس خان نے اپنے نام کر لیا۔ کراچی کے جہانگیر خان اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں انہوں نے پنجاب کے ایم فرحان کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔
فائنل میچ میں دونوں نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا، تاہم برجیس خان نے چار کے مقابلے میں تین فریم سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے اسکور کچھ یوں رہے: 45-62، 66-32، 36-65، 68-25، 40-65، 50-69 اور 10-63۔
اس سے قبل سیمی فائنلز میں ایم فرحان نے جہاں زیب جہانگیر کو 2-4 سے جبکہ برجیس خان نے شاہ زیب رفیق کو شکست دی تھی۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات میں پی بی ایس اے کے صدر عبدالقادر میمن مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سابق صدر عالمگیر شیخ، اعزازی سیکریٹری نوید کپاڈیہ، عقیل سوریا اور عمر جہانگیر خان بھی موجود تھے۔
محمد فرحان علی نے انڈر 17 میں 95 اور انڈر 21 میں 100 کا شاندار بریک اسکور بنا کر خصوصی انعامات اپنے نام کیے۔
رنرز اپ اور ونر کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس کے مطابق انڈر 21 کے فاتح برجیس خان کو 70 ہزار روپے اور ٹرافی جبکہ ایم فرحان کو رنرز اپ ہونے پر 35 ہزار روپے اور ٹرافی دی گئی۔