بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہورکی جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی عمران ریاض کے خلاف مقدمہ ختم کردیا

لاہور(نیوز ڈیسک)اٹک کے بعد لاہور کی عدالت نے بھی سینئر صحافی عمران ریاض کیخلاف مقدمہ ختم کردیا جس کے بعد پولیس انہیں لاہور ہائیکورٹ لے کر روانہ ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اٹک کی عدالت کے بعد لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی سینیئر صحافی عمران ریاض کیخلاف مقدمہ ختم کردیا جس کے بعد پولیس انہیں لاہور ہائیکورٹ لے کر روانہ ہوگئی۔
اس سے قبل سرکاری تعطیل کے روز کینٹ کچہری لاہور میں اینکر عمران ریاض کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں عمران ریاض کو عدالت میں پیش کیا جہاں جوڈیشنل مجسٹریٹ سے پراسیکیوٹر نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جب کہ عمران ریاض کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت میں دلائل پیش کیے۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی وقوعہ کی بار بار ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتیں، مدعی نے کوئی ثبوت ساتھ نہیں لگایا، ایک ویڈیو پر پولیس کارروائی نہیں کر سکتی یہ اختیار ایف آئی اے کا ہے، عمران ریاض کے بیان کی سی ڈی تک ساتھ نہیں لگائی گئی، ہماری لڑائی صرف حکومت کے ساتھ ہے، عمران ریاض کے خلاف کیس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
عمران ریاض کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس معاملے پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں چالاکی سے کھیل رہی ہیں، حکومتیں خود سامنے نہیں آ رہیں بلکہ مختلف لوگوں سے مقدمات درج کرا رہی ہیں جب کہ بغاوت کا مقدمہ صرف حکومت ہی درج کراسکتی ہے۔