سری لنکا کے نوجوان بلے باز ورن چامودیتھا نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
جاپان کے خلاف میچ میں ورن نے 143 گیندوں پر 192 رنز اسکور کیے، جس میں 26 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھی سری لنکا کے ہاسیتھ بویاگودا کے پاس تھا، جنہوں نے 2018 میں 191 رنز بنائے تھے، لیکن ورن نے ایک رن سے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔
ورن چامودیتھا کی اس یادگار اننگز کے دوران ان کے اوپننگ ساتھی دیمانٹھا مہاویتھانا نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 328 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی، جو انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی ہے۔
ورن کی جارحانہ اور اعتماد سے بھرپور بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 388 رنز کا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوئی۔
کرکٹ شائقین اور ماہرین نے ورن چامودیتھا کی تاریخی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی ہے اور یہ اننگز نہ صرف موجودہ ٹورنامنٹ بلکہ نوجوان بلے باز کے روشن مستقبل کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
سری لنکا کے نوجوان بلے باز ورن چامودیتھا نے انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ بدل دی








