اداکارہ اور میزبان فضا علی سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کو نمایاں کرنے کے معاملے پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ پاکستانی کلینیکل ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ماہین انوری نے اس حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فضا علی کے پیرنٹنگ انداز پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔
ماہین انوری کا کہنا ہے کہ والدین کی جانب سے کمسن بچوں کو سوشل میڈیا پر بار بار سامنے لانا ان کی ذہنی اور جذباتی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق توجہ، ویوز اور مقبولیت کی خاطر بچوں کو مواد کے طور پر استعمال کرنا ایک تشویش ناک رجحان بنتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ فضا علی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی روزمرہ زندگی کے لمحات کے ساتھ ساتھ اپنی دس سالہ بیٹی فرال فواد کی تصاویر اور ویڈیوز بھی باقاعدگی سے شیئر کرتی رہتی ہیں۔ حالیہ ویڈیو کے حوالے سے ماہین انوری نے لکھا کہ وہ یہ رجحان دیکھ کر شدید مایوسی محسوس کر رہی ہیں، خاص طور پر جب مائیں اپنی کم عمر بچیوں کو سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بناتی ہیں۔
اپنی بات کو مزید واضح کرتے ہوئے ماہرِ نفسیات نے ایک پندرہ سالہ لڑکی کی مثال بھی دی جس کے مطابق وہ اپنی والدہ کے ایسے ہی رویے کے باعث ذہنی دباؤ اور مختلف نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ ماہین انوری نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی معصومیت اور نجی زندگی کو سوشل میڈیا مواد بنانے سے گریز کریں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں فضا علی کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو یہ سوچنا چاہیے کہ اس طرح کی نمائش بچوں کی شخصیت اور ذہنی صحت پر کس حد تک گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ جہاں کئی صارفین نے بچوں کے تحفظ اور ذہنی صحت پر بات کرنے پر ماہین انوری کو سراہا، وہیں کچھ افراد اداکارہ فضا علی کے حق میں بھی سامنے آئے اور ان کے مؤقف کی حمایت کرتے نظر آئے۔
ویوز کے لیے بیٹی کو استعمال کرنے پر فضا علی تنقید کی زد میں








