بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی پی 158 ، اے این پی کا امیدوار پی ٹی آئی میں شامل

 لاہور(نیوزڈیسک ) پنجاب کے ضمنی الیکشن میں لاہور کے حلقہ پی پی 158 سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار زاہد خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی۔
ضمنی الیکشن کی پولنگ سے چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی اور لاہور سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 سے اے این پی کے امیدوار زاہد خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
زاہد خان نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا بھی اعلان کیا۔
حماد اظہر نے کہا کہ زاہد خان کا تحریک انصاف میں آنا بہت بڑی کامیابی ہے، میں ڈور ٹو ڈور آرہا ہوں ہمارا ووٹ بینک بہت ہے، لوگ ہماری طرف ہی ہیں کانٹے کا مقابلہ ہے ہی نہیں۔ چیف سیکریٹری اور الیکشن کمیشن کی انتظامیہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی اور مداخلت نہ کریں۔
واضح رہے کہ پی پی 158 سابق صوبائی وزیرعلیم خان کا حلقہ ہونے کے باعث مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی دونوں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں جماعتوں کی طرف سے اس حلقے میںکامیابی حاصل کرنے کے لئے پورا زورلگایا جارہاہے۔اس حلقے میں رانا احسن شرافت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔علیم خان ڈی سیٹ ہونے کے بعد الیکشن تو نہیں لڑ رہے تاہم رانا احسن کے ساتھ مکمل تعاون ضرور کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پی پی 158 کے حلقے میں ٹوٹل آباد ی تین لاکھ 64 ہزار 205 ہے، کل ووٹر ایک لاکھ 95 ہزار 777 ہیں، مرد ووٹرز ایک لاکھ پانچ ہزار دو سو انہتر جبکہ خواتین ووٹرز نوے ہزار پانچ سو آٹھ ہیں، پی پی 158 میں گلبر گ ، گلدشت کالونی، اپرمال، شاد مان ،شاہ جمال دھر م پورہ ،گڑھی شاہو ،صدر کے علاقے شامل ہیں۔