بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حنیف عباسی کا راولپنڈی ٹائیگرز ٹیم بنانے کا اعلان

راولپنڈی میں وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ ایک نئی کرکٹ ٹیم “راولپنڈی ٹائیگرز” تشکیل دے رہے ہیں اور اسے عالمی معیار کی ٹیم بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور قلندرز نوجوانوں میں کرکٹ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستانی عوام کا کرکٹ کے ساتھ ایک خاص رومانس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی لاہور قلندرز کے پرانے فین ہیں اور ٹیم کی رہنمائی کے لیے سی ای او کی معاونت حاصل کریں گے۔
وزیرِ ریلوے نے واضح کیا کہ راولپنڈی ٹائیگرز میں صرف وہ نوجوان شامل ہوں گے جن کا ڈومیسائل راولپنڈی میں ہے، اور ان کا ہدف ہے کہ ٹیم کو مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (PSL) میں لے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے نوجوانوں کو کالجوں اور اسکولوں میں اسپورٹس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور انہیں میرٹ پر بڑے پلیٹ فارمز دیے جا رہے ہیں۔ ٹرائلز 14 اور 15 فروری کو شروع ہوں گے۔
حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ لاہور قلندرز ہی راولپنڈی ٹائیگرز کی رہنمائی کریں گے، اور مستقبل میں لڑکیوں کی ٹیم بھی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی معیار کا اسکواش کورٹ بھی بنایا گیا ہے۔
وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز نے جس طرح پاکستانی ٹیلنٹ کو نکھارا ہے، وہ کوئی اور نہیں کر سکتا، اور راولپنڈی میں ان کے حلقے میں جتنے کرکٹ گراؤنڈ ہیں، کہیں اور اس کا موازنہ نہیں۔