اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وادی تیراہ پر پی ٹی آئی نے منفی سیاست شروع کر دی ہے اور وادی تیراہ کے لوگوں کو فراہم کی گئی امداد میں خوردبرد ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو 4 ارب روپے عوام کی فلاح کے لیے مختص تھے، وہ کہاں خرچ ہوئے؟
وزیر مملکت داخلہ نے واضح کیا کہ وادی تیراہ میں اس وقت کوئی آپریشن نہیں ہورہا اور جب بھی کوئی آپریشن ہوگا، وہ اعلانیہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق کو آپریشن کرنا ہوتا تو اسے چھپانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے وادی تیراہ میں آپریشن کرنا تو چاہتے ہیں لیکن سیاسی بیانیہ بنانے اور کرپشن چھپانے کے لیے بہانے تراشتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوہستان سکینڈل سب کے سامنے ہے اور پی ٹی آئی فوج پر الزام تراشی سے باز نہیں آرہی۔









