اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج 2026 کے اخراجات میں کسی بھی مد میں بچت ہوئی تو وہ ریلیف براہ راست حجاج کرام کو منتقل کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ طبی بنیادوں پر یا ہارڈ شپ کوٹہ میں کامیاب نہ ہونے والے عازمین حج کو پوری رقم کی واپسی یقینی بنائیں گے، حج کیلئے کسی کا کوٹہ ہے نہ ہی اراکین پارلیمنٹ کو فری حج کرانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔
عازمین حج 2026 کی لازمی تربیت: پہلا مرحلے کا شیڈول جاری
وفاقی وزیر نے 2025ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت نے حج و عمرہ کے شعبے میں ریکارڈ ساز اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج 2025 کے بہترین انتظامات پر سعودی حکومت نے پاکستان کو ’’ایکسیلنس ایوارڈ‘‘ سے نوازا حجاج کی سہولت کیلیے حج 2025 کے دوران مجموعی طور پر 3.5 ارب ری فنڈ کیے گئے جس سے فی حاجی 12 ہزار سے 1 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی بچت ہوئی۔









