بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو یومیہ 115 ڈالر الاؤنس ملے گا، پی ایس بی کا اعلان

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے یومیہ الاؤنس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ہر کھلاڑی کو روزانہ 115 امریکی ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
پی ایس بی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ ٹیم کی بیرونِ ملک روانگی سے قبل تمام ادائیگیاں مکمل کر لی جائیں، تاکہ بین الاقوامی دورے کے دوران کھلاڑیوں کو کسی قسم کی مالی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ نے بتایا کہ یومیہ الاؤنس کی یہ شرح حکومت کی جانب سے منظور شدہ بجٹ کے مطابق طے کی گئی ہے اور اس کا اطلاق ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی شرکت پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ادارے کو مالی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم مختلف مدات میں بچنے والی رقوم کو دوبارہ ترتیب دے کر غیر ملکی دورے کے اخراجات کا بندوبست کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑیوں کے لیے بہتر سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی نے ذاتی طور پر کھلاڑیوں کے تحفظات سنے اور انہیں دور کیا، جس پر ٹیم شکر گزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہونے والی بات چیت کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں اور منظور شدہ نئی شرح مناسب ہے۔
عماد بٹ کے مطابق سب سے اہم بات یہ ہے کہ یومیہ الاؤنس کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، جس سے کھلاڑی اب مکمل توجہ کھیل پر مرکوز کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ کے دوسرے مرحلے میں
10 فروری کو آسٹریلیا،
11 فروری کو جرمنی،
13 فروری کو دوبارہ آسٹریلیا
اور 14 فروری کو ایک بار پھر جرمنی کے خلاف میدان میں اترے گی۔