اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر خوراک رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے بونیر کی تحصیل مندن سے تعلق رکھنے والے نمائندہ جرگے نے جرگہ شاہ بخت روان کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تحصیل مندن کے دیرینہ مسائل، خصوصاً تمباکو کی خریداری اور کوٹے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
جرگے کی جانب سے تحصیل مندن میں تمباکو خریداری کے لیے ڈپو قائم کرنے اور خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ پیش کیا گیا، جس کی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بھرپور حمایت کی۔
وفاقی وزیر خوراک رانا تنویر حسین نے جرگے کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے تحصیل مندن کے لیے اضافی 10 لاکھ کلوگرام تمباکو کوٹہ فراہم کرنے اور مندن میں تمباکو خریداری مرکز (ڈپو) قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
ملاقات کے موقع پر سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی اور چیئرمین پاکستان ٹوبیکو کمپنی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے جرگے اور اپنی جانب سے وفاقی وزیر خوراک رانا تنویر حسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے علالت کے باوجود اجلاس میں شرکت کی اور بونیر کے عوام کے جائز مطالبات منظور کیے، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔
جرگے میں لیگی رہنما امیرزیب خان، تحصیل مندن مسلم لیگ (ن) کے صدر نور جلیل خان، پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے شیر بہادر خان، معمبر باچا، جماعت اسلامی تحصیل مندن کے امیر شیر زادہ خان، عوامی نیشنل پارٹی تحصیل مندن کے صدر امیر سلطان، شمشیر باچا سمیت تحصیل مندن کی تمام جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔









