بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک، امریکہ شراکتداری عالمی امن اور معاشی تعاون کیلئے مثبت، رضوان شیخ

 

واشنگٹن:(نیوزڈیسک) سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکہ کے معروف تھنک ٹینک ممبران سے ملاقات کی، جس میں امریکہ کے فکری حلقوں کے اہم نمائندے بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر پاکستان نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور کے حوالے سے پاکستان کا نکتہ نظر امریکی اہل فکر کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ 2025 پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے کلیدی تبدیلیوں کا سال تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات کی نوعیت محض وقتی یا اختیاری نہیں بلکہ تعلقات کی پائیداری مستقبل کی اہم ضرورت ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کی شراکت داری نہ صرف باہمی مفادات بلکہ عالمی امن کے لیے بھی نتیجہ خیز رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مثبت رجحانات کا سہرا دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے سر ہے۔

پاکستانی سفیر نے خطے میں اقتصادی اور تجارتی تعاون پر بھی زور دیا، اور کہا کہ پاکستان جغرافیائی اہمیت کے ساتھ منافع بخش معاشی روابط قائم کرنے کی بھرپور اور طویل مدتی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے معدنیات، توانائی اور آئی ٹی جیسے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستان کی نوجوان آبادی اور انسانی وسائل کی صلاحیت، کم لاگت اور بہتر معیار کے حوالے سے پاکستان کی مسابقتی برتری کا ذکر کرتے ہوئے امریکی سرمایہ کاروں کو بھرپور استفادہ کرنے کی دعوت دی۔

افغانستان سے پیدا ہونے والی دہشت گردی اور اس کے اثرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

سفیر پاکستان نے مئی 2025 کے واقعات، بھارتی جارحیت، مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر پاکستان کے موقف کو واضح کرتے ہوئے عالمی برادری سے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی غیر قانونی اور خطرناک روش کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

امریکی اہل فکر نے پاکستان کی خارجہ حکمت عملی، عالمی سیاست میں مثبت کردار اور پختہ اور کامیاب سفارت کاری کو سراہا۔