ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی پلیئرز کٹ کی رونمائی آج ملتوی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹاس کے بعد رونمائی ہونی تھی، تاہم پی سی بی ذرائع کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پیر کو متوقع ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے حال ہی میں بنگلادیش کو ورلڈکپ سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو دوہرے معیار کا مظہر قرار دیا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے حالیہ ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو کیا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز 7 فروری سے ہوگا اور پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف 7 فروری کو کھیلے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان ٹیم کی کٹ کی رونمائی ملتوی، شرکت کا حتمی فیصلہ پیر کو متوقع








