بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: امریکی اسکواڈ کا اعلان، سابق سری لنکن کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ

امریکا نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت ایک بار پھر مونانک پٹیل کو سونپی گئی ہے۔ اسکواڈ میں گزشتہ ایڈیشن کے 10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے، جو ٹیم مینجمنٹ کے اعتماد کا اظہار ہے۔
کپتان مونانک پٹیل کے ساتھ جَیسی سنگھ، اینڈریز غوث، ملند کمار، شایان جہانگیر، ہرمیت سنگھ، نوستھش کینجیگے، شیڈلی وان شالکوئک، سوربھ نیتھراوالکر اور علی خان بھی ایک بار پھر قومی ذمہ داریاں نبھاتے نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ 2024 کے ورلڈکپ میں اینڈریز غوث نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 219 رنز اسکور کیے تھے، جبکہ سوربھ نیتھراوالکر نے 6 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کے سب سے کامیاب بولر کا اعزاز پایا تھا۔
اس بار اسکواڈ میں کچھ نئے چہرے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ شبھم رنجانے کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کا موقع ملنے کا امکان ہے، جبکہ پاکستانی نژاد محمد محسن اور سابق سری لنکن آل راؤنڈر شیہان جے سوریا بھی امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔
گروپ اے میں شامل امریکی ٹیم کو ابتدائی مرحلے میں بھارت، پاکستان، نیدرلینڈز اور نمیبیا جیسے مضبوط حریفوں کا سامنا ہوگا۔ امریکا اپنی ورلڈکپ مہم کا آغاز 7 فروری کو ممبئی میں بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے 2024 کے ورلڈکپ میں اپنے ڈیبیو پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سپر 8 مرحلے تک رسائی حاصل کر کے کرکٹ حلقوں کو حیران کر دیا تھا، اور اس بار بھی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔