بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقا دورہ: تربیتی کیمپ پیر سے شروع

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقا کے دورے کے لیے مختصر تربیتی کیمپ پیر سے شروع ہوگا، جس میں کھلاڑی اتوار کی شام تک رپورٹ کریں گی۔ یہ کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 6 فروری تک جاری رہے گا۔
سیریز کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ دونوں کی کپتان ہیں۔ مینٹور اور ہیڈ کوچ وہاب ریاض کی نگرانی میں عمران فرحت، عبد الرحمن اور عبدالمجید سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کو حتمی تربیت فراہم کریں گے۔ کیمپ کے اختتام پر پاکستان ویمن اسکواڈ جنوبی افریقا کے لیے روانہ ہوگا۔
جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ڈے اینڈ نائٹ میچز پوچف اسٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ ہوگا۔ ون ڈے میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں منعقد ہوں گے، جس میں دوسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
یہ دورہ پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے 2021 کے بعد پہلی دوطرفہ سیریز ہے۔ ٹیم نے فروری 2023 میں بھی جنوبی افریقا میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔ یہ دورہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم مرحلہ سمجھا جا رہا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ:
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، حمنا بلال، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرح سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرا جبین، سدرہ امین، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن۔
پاکستان ویمنز ون ڈے اسکواڈ:
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرح سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب۔
یہ سیریز پاکستان ویمنز کے لیے عالمی مقابلوں کی تیاری میں ایک اہم قدم ہوگی۔