بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خورشید احمد شاہ کا کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی تسلط سے آزادی کی تحریک کامیاب ہو کر رہے گی۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں خورشید احمد شاہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین مظالم پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

خورشید احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی جدوجہد آزادی بالآخر ضرور رنگ لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نہ صرف کشمیری عوام بلکہ پورے خطے کے مفادات کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی کے بھارت نے گاندھی کی عدم تشدد کی تعلیمات کو پامال کر کے پورے خطے کو بدامنی اور تشدد کی راہ پر دھکیل دیا ہے۔

خورشید احمد شاہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔