چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اگر افغانستان نے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کو نکیل نہ ڈالی تو اس کے نتائج مختلف اور سنگین ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سانحہ ترلائی میں ملوث خودکش حملہ آور نے افغانستان میں تربیت حاصل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بارہا اس معاملے پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے، اب بھی وقت ہے کہ افغانستان دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا افغانستان کے لوگ پاکستان کی چالیس سالہ مہمان نوازی کو بھول گئے ہیں؟ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، اور اب بھارت اپنی ناکامی کا بدلہ معصوم شہریوں سے لے رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
افغانستان نے دہشت گردوں کو نہ روکا تو نتائج مختلف ہوں گے: طاہر اشرفی








