وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل پہنچے اور شہید کیپٹن عباس خان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
محسن نقوی کنڈوخیل میں واقع شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ گئے اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (ایف سی) نارتھ عمران تاج اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شہید کے والد اور بھائیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن عباس خان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دینے والے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
واضح رہے کہ شہید کیپٹن عباس خان تین روز قبل وادی تیراہ میں پیش آنے والے واقعے میں کاپٹر ڈرون سے فائر کیے گئے گولے کے پھٹنے سے شہید ہوئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی لنڈی کوتل آمد، شہید کیپٹن عباس خان کے اہلِ خانہ سے تعزیت








