بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ماضی کو بدلا نہیں جا سکتا، اصل مسئلہ سمجھے بغیر بلوچستان کا بحران حل نہیں ہوگا: رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں جو کچھ ہو چکا ہے اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا، تاہم جب تک یہ واضح نہیں کیا جائے گا کہ بلوچستان کا اصل بحران کیا ہے، مسئلے کا حل بھی ممکن نہیں ہو گا۔
لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو دراصل دو مختلف نوعیت کے بحرانوں کا سامنا ہے، مگر ہم غلطی یہ کر رہے ہیں کہ دونوں کو ایک ہی انداز میں حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور خاندانوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر گولیاں مار دی جاتی ہیں، مگر کبھی یہ نہیں کہا جاتا کہ یہ عمل بلوچستان کے عوام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ یہ دہشت گرد ہیں جو پاکستان میں امن نہیں چاہتے۔
رانا ثناء اللہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد اربوں روپے کا کاروبار کر رہے ہیں، مگر کوئی ایک واقعہ بھی ایسا نہیں جہاں پنجاب میں کسی بلوچ کو نفرت یا تعصب کا نشانہ بنایا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو شہید کرنے والوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ رانا ثناء اللہ نے جعفر ایکسپریس واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دن بھارتی میڈیا پر جس طرح جشن منایا گیا، وہ سب کے سامنے ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، اور بلوچستان کا امن و ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔