بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

 

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 10 فروری کے دوران پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے زیادہ تر اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ خاص طور پر 9 اور 10 فروری کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نارووال اور سیالکوٹ میں بارش متوقع ہے جبکہ جنوبی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہونے کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخواہ کے چترال، دیر، سوات، کالام، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں اور کوہاٹ کے علاقوں میں بھی 9 سے 10 فروری کے دوران بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی اسی دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ مستند معلومات، حفاظتی تدابیر اور ممکنہ خطرات کے بارے میں رہنمائی کے لیے عوام “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ”استعمال کر سکتے ہیں