وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے وفاقی وزرا کی حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات دینے پر مکمل پابندی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح، معاشی استحکام اور ملک کی تعمیر و ترقی پر مرکوز رہنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان باہمی اختلافات کو افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے حل کریں، وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور اس سے عوامی خدمت اور ترقیاتی سرگرمیوں سے توجہ ہٹتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کررہے ہیں اور انہیں اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
مزیدپڑھیں:مانسہرہ میں گاڑی کھائی میں جاگری، خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیری سیاست کو فروغ دیا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ملک معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر سفارتی محاذ پر بھی متعدد کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، ایسے میں سیاسی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی سیاسی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔








