اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے ڈیزل 40روپے 54پیسے اور پٹرول 18روپے 50پیسے فی لٹر سستاکرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ بھی اجناس اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہوتی رہی تواس کے فوائد قوم کے حوالے کرتے رہیںگے، تباہ شدہ معیشت ہمیں ورثے میں ملی،پچھلی حکومت ہمارے لئے بارودی سرنگیں بچھاکر گئی، مجبوراًسخت فیصلے کرنے پڑے،اگلے چودہ مہینوں میں تین شعبوں زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی صنعت میں دن رات محنت کریں گےاورانقلابی اقدامات لائیں گے ۔
جمعرات کی شب قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ جب نے حکومت کی ذمہ داری سنبھالی تو ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی،مہنگائی اپنے عروج پر تھی اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی تھیں۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پر جو معاہدہ کیا ،جاتے جاتے اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں اور ہمارے لئے بارودی سرنگیں بچھادی گئیں،اسی طرح تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کردی جس کے لئے خزانے میں پیسے ہی موجود نہیں تھے ،گزشتہ حکومت نے یہ کام اس لئے کیا تاکہ ہماری حکومت مشکلات میں گھر جائے ،دوسری طرف جب دنیا میں گیس کی قیمتیں بہت کم ہوچکی تھیں سابق حکومت نے نہ صرف اس نے فائدہ نہیں حاصل کیا بلکہ طویل مدتی گیس کے معاہدے نہ کرکے بدترین غفلت بلکہ مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیاجس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی بھی غلط بیانی نہیں کروں گا،ہم نے دل پر پتھر رکھ کر عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے نتیجے میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا،جس کایقیناً عام آدمی پر بوجھ پڑالیکن ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا، اگرکوئی اور راستہ ہوتا تو عوام کے لئے یہ مشکلات کبھی پیدانہ ہونے دیتے لہذاہمیں مجبوراًسخت فیصلے کرنے پڑے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اب چونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں تو اللہ کے فضل سے ہمیں بھی اس کی قیمتوں میں کمی کرنے کا موقع ملاہے اور قیمتوں میں عالمی سطح پر ہونے والی کمی کافائدہ عوام تک پہنچانےکی سعادت ملی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شبانہ روزکاوشوں کےبعد آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ ہوچکاہے جس کا سہرا وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔
تاہم انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ دنیامیں ایسی قومیں بھی ہیں جنہوں نےآج سے دوتین سال پہلے آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ کیا، نئی رائیں تلاش کی اور دن رات محنت کرکے اپنےپاؤں پر کھڑی ہوئیں ۔خداکرے ہمارا بھی آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہوجس کو ہم صدقے دل سے پوراکریں لیکن اس کےبعد ہم اپنے پاؤں پر کھڑاہونے کی کوشش کریں گے ،یہ کوئی آسان راستہ نہیں اس کے لئے کانٹوں بھرے راستے سے گزرناپڑتاہے تاہم مجھے یقین ہے کہ اتحادی حکومت کی کوششوں سے پاکستان ضروراپنی منزل کی طر ف رواں دواں ہوگا۔
شہبازشریف نے کہاکہ اگرہم نے نیلم جہلم جیسے منصوبے سے سبق نہ سیکھاجہاں سات سال کے بجائے بیس سال لگ گئے جہاں ایک ارب کے بجائے پانچ ارب ڈالرخرچ ہوگئے تب یہ منصوبہ مکمل ہوا۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہم شبانہ روز محنت کریں اور وسائل خوشحالی کےلئے قوم کے قدموں میں نچھاور کریں تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی،اتحادی حکومت کے زعماملکرپاکستان کی تیزی سے منزل کی طرف تیزی کی طرف رواں دوا ں رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے رات بارہ بجے سے ڈیز ل کی قیمت میں 40روپے 54پیسے اور پٹرول کی قیمت میں18روپے 50پیسے فی لٹر کمی کاکا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں ہونے والی کمی کا ایک ایک پیسہ قوم کے حوالے کیا جارہاہے، آئندہ بھی اجناس اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہوتی رہی تواس کے فوائد قوم کے حوالے کرتے رہیںگے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے چودہ مہینوں میں ہمیں تین منصوبوں پر دن رات کم کرنا ہے ،ان میں پہلا زراعت کا شعبہ ہے،جس میںچند مہینوں میں بڑی تبدیلی لانی ہے،اگر اس شعبے میں محنت کریں اور اچھی پالیسی لائیں تو چھ ماہ میں زرعی پیداوار بڑھ سکتی ہے ،اس حوالے سے جس ٹاسک فورس کو ذمہ داری سونپی تھی آئندہ چند دونوں میں اس کی میٹنگ ہوگی انشااللہ بہتریں فیصلے لائیں گے ۔دوسرا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ ہے،ہم اپنے نوجوانوں کوفنی تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں گے،اس شعبے میں ایک سال کے اندر بہت بہتری لائیں گے،آئی ٹی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے،تیسرابرآمدات پر مبنی صنعت کیلئے جتنی بھی کوشش کریں کم ہے،اس حوالے سے ہم را ت دن ایک کریں گے اور ان تینوں شعبوں میں انقلابی اقدامات لائیں گے یہ کام مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں۔
ڈیزل40.54، پٹرول 18.50روپے سستا،عالمی سطح پر قیمتیں کم ہوتی رہیں توفائدہ عوام کو دینگے، وزیراعظم








