بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ کا انگلینڈ کو 153 رنز کا ہدف

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تئیسویں میچ میں اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں کھیلے جا رہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلش بولرز نے آغاز میں نپی تلی باؤلنگ کی اور اسکاٹ لینڈ کو دباؤ میں رکھا، تاہم مڈل آرڈر نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان رچی بیرنگٹن 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور ٹیم کو مستحکم کرنے کی بھرپور کوشش کی، جبکہ مائیکل جونز نے 33 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جوفرا آرچر اور لیام ڈوسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سیم کرن اور جیمی اوورٹن نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں اب تک کسی یورپی ٹیم کو شکست نہیں دے سکی، جس کے باعث یہ مقابلہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
اب سب کی نظریں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن پر مرکوز ہیں کہ آیا وہ یہ ہدف حاصل کر پاتے ہیں یا اسکاٹ لینڈ ایک بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔