محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں آئندہ دنوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 16 فروری کو ملک کے مغربی حصوں میں ایک کمزور موسمی سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے، جو 16 اور 17 فروری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور دیگر شہروں میں بارش لائے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 17 فروری کو کراچی، گوادر، پسنی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور سکھر میں بھی تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ غازی خان میں بھی 16 کی رات سے 17 فروری تک بارش کا امکان ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان میں مغربی ہواؤں کے کمزور سسٹم کے اثرات کے باعث زیارت، خضدار، چمن، قلعہ عبداللّٰہ اور قلعہ سیف اللّٰہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ علاوہ ازیں چاغی، پشین، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، سبی، لورالائی، کیچ، پنجگور، گوادر، آواران، خاران اور لسبیلہ میں وقفے وقفے سے تیز، درمیانی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ متوقع خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ٹریفک و دیگر ضروری اقدامات کے لیے تیار رہیں۔
ملک کے جنوبی علاقوں میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، محکمہ موسمیات








