بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہم بھیڑ بکریاں نہیں، انسان ہیں، ہمیں اپنی مرضی کے مطابق مت چلاؤ، عمران خان

لاہور(نیوزڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں، انسان ہیں، ہمیں اپنی مرضی کے مطابق مت چلاؤ، امریکی غلاموں کو ہم 17 جولائی کو شکست دیں گے، جذبہ اور جنون دونوں ہی پی پی 168 میں نظر آرہا ہے۔
جمعہ کی شب لاہورمیں ضمنی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ لوگوں نے خوف کی زنجیریں توڑدی ہیں، قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے، لوٹوں کی جگہ صرف غسل خانے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیری بلوسم نے بڑی گیم کھیلی ہے، پہلے ڈیزل 130 روپے بڑھایا اب 35 روپے کم کردیا، شہباز شریف کیا تم قوم کو بے وقوف سمجھتےہو؟ یہ قوم باشعور ہے، مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے کہ ان چوروں کو الیکشن جتوانا ہے، یہ دھاندلی کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں نے ایک ایک پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے، 15 سے 20 ہزار جعلی ووٹ تیار کیے گئے ہیں، پولنگ ایجنٹس کو تیار کریں تاکہ کوئی دھاندلی نہ کرسکے، چور اور امریکہ کے غلاموں کو ہم پر مسلط کیا گیا ہے، 17 جولائی کو حمزہ شہباز کو ہرا کر گھر بھیجنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کرپشن سے قومیں تباہ ہوتی ہیں، کرپشن کی وجہ سے سری لنکا تباہ ہوگیا ہے، ڈسکہ میں چند پولنگ اسٹیشنز پر بے ضابطگی ہوئی تو انہوں نے پورا الیکشن کینسل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کئی ممالک گئے لیکن کسی نے پیسے نہیں دیئے، شریف برادران اور آصف زرداری نے 30 سال ملک کا پیسہ لوٹا، یہ پہلے لندن میں اپنے محلات مانتے نہیں تھے، مریم سزایافتہ ہیں،اس کا باپ بھی سزا یافتہ ہے، سلما ن شہباز ملک سے بھاگا ہوا ہے، وزیراعظم کا بیٹا مفرور، وزیراعلیٰ پنجاب پر کیسز چل رہے ہیں، حمزہ شہباز بچوں کو کہتا ہے کرپشن ہوتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بیرونی سازش کے تحت ہماری منتخب حکومت گرائی گئی، یہاں کے میر جعفر اور میر صادق بھی سازش میں ملوث تھے، دھاندلی کے باوجود ہم ان کو شکست دیں گے اور حمزہ شہباز کو خدا حافظ کہیں گے اور
اس کے خلاف ٹرائل شروع کروائیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے سی سی پی او اور ڈی آئی جی کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کان کھول کر سن لو! تم دونوں میری نظر میں ہو، 25 مئی کو ہمارے پرامن احتجاج پر تم دونوں نے لوگوں پربڑا ظلم کیا، ڈاکٹر یاسمین راشد پرتشدد کیا گیا، آپ نے جو سارے غیر قانونی کام کیے ہیں وہ ہم نہیں بھولیں گے، اس اتوار کو جب حمزہ شہباز جائے گا تو تم دونوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

قبل ازیں فیصل آباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم 17 جولائی کولوٹوں کو بلوں سے پھینٹا لگتے دیکھیں گے، میں 1100 ارب روپے ان چوروں کوہضم کر نے نہیں دوں گا، آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا، جنہوں نے ان دو خاندانوں کو ہم پر بٹھایا، انہیں اس ملک کی تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب ہم گئے تھے اس وقت عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں زیادہ تھیں، آئی ایم ایف نے ہم پر ڈھائی سال دباؤ ڈالا کہ قیمتیں بڑھاؤ لیکن ہم نے نہیں کیا۔
انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ میچ جیت جائیں گے، میں ابھی سے آپ کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ نے میری قوم میں شعور پیدا کیا ہے، 17 تاریخ کو ایک جاگی ہوئی قوم ووٹ ڈالے گی، قوم جانتی ہے اس ملک میں بیرونی سازش ہوئی، یہاں کے میر جعفر اور میر صادق بھی بیرونی سازش میں ملوث تھے، 30 سال سے دو خاندان اس ملک کو لوٹ رہے تھے، کرپشن کیسز ان کے دور میں بنے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا، میں 1100 ارب روپے ان چوروں کو ہضم کرنے نہیں دوں گا، امریکہ چاہتا ہے کہ ایسا حکمران بیٹھے جو اس کا حکم مانے، ایک ٹیلی فون کا ل پر اس وقت کے سربراہ نے گٹھنے ٹیک دیئے تھے، 80 ہزار پاکستانی امریکہ کی جنگ میں مارے گئے، آج بھی اس جنگ کی وجہ سے ہمارے لوگ شہید ہو رہے ہیں، ہمارے قبائلی علاقے میں 400 بمباری کی گئی، ہم کسی سے دشمنی نہیں ، سب سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن ہم غلامی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ہم 17 جولائی کو لوٹوں کو بلوں سے پھینٹا لگتے دیکھیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکہ کو یہ پتہ تھا میں کسی صورت اپنی قوم کو غلامی نہیں کرنے دوں گا، امریکہ بوٹ پالش کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، پاکستانیو! کیا آپ بھکاری ہیں؟ 32 سال سے آپ بھیک مانگ رہے ہیں، زرداری اور شریف خاندان اس ملک کا پیسہ باہر لے کر گئے، وزیراعظم اپنے آپ کو بھی شرمندہ کرتا ہے اور اپنی قوم کو بھی، انہوں نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دینے ہیں، آپ نے ایک ایک پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے، یہ
لوگ دھاندلی کے بغیر نہیں جیتے سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ لندن میں 4 بڑے بڑے محلات مریم نواز کے نام پر ہیں، ہمارا انصاف کا نظام بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتا، سری لنکا کے پاس پیسے نہیں ہیں ملک چلانے کیلئے، جنہوں نے ان دو خاندانوں کوہم پر بٹھایا اس ملک کی تاریخ معاف نہیں کرے گی، سب سے زیادہ ہم نے ٹیکس اکھٹا کیا تھا، انہوں نے سازش کر کے ہماری حکومت گرائی، جب تک آخری گیند نہیں ہوتی آپ نے مقابلہ کرنا ہے، یہ پورے الیکشن میں دھاندلی کریں گے، انہوں نے کوئی کام ایمانداری سے نہیں کیا ہے۔