استنبول میں ایک امیچور فٹبال میچ کے دوران ایک نایاب اور دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک سیگل گیند لگنے کے بعد بے ہوش ہو گئی اور کھلاڑیوں نے فوری مدد کر کے اسے زندہ کر دیا۔
ترکش خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ استنبول فرسٹ امیچور لیگ پلے آف فائنل میں پیش آیا، جو زیتن برنو کے میولاناکاپی گزیلیزار اور استنبول یردم اسپور کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
میچ کے 22 ویں منٹ میں استنبول یردم اسپور کے گول کیپر کی کک فضا میں اڑتی سیگل سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں پرندہ بے ہوش ہو کر زمین پر گر گیا۔ ٹیم کے کپتان فوراً پرندے کے پاس پہنچے اور تقریباً دو منٹ تک اسے سینے پر دباؤ دے کر (CPR) سانس لینے میں مدد کی۔
کچھ دیر بعد سیگل نے حرکت شروع کی، اسے پانی پلایا گیا اور میچ کے میڈیکل عملے کے حوالے کر دیا گیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ پرندے کے پر کو نقصان پہنچا ہے اور وہ وقتی طور پر اڑ نہیں سکتا، تاہم اس کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
اس نایاب اور انسان دوست واقعے نے نہ صرف کھلاڑیوں کی ہمدردی دکھائی بلکہ فٹبال میچ میں حاضر شائقین کے دل بھی جیت لیے۔
استنبول: فٹبال میچ میں بے ہوش ہونے والے سیگل کو کھلاڑیوں نے بچا لیا








