بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت: لکھنؤ میں بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل، لرزہ خیز تفصیلات سامنے آگئیں

بھارت کے شہر لکھنؤ میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 21 سالہ نوجوان کو اپنے ہی والد کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 49 سالہ مانویندر سنگھ، جو دواسازی اور شراب کے کاروبار سے وابستہ تھے، جمعے کے روز سے لاپتہ تھے۔ اہلِ خانہ کی اطلاع پر پولیس نے تلاش شروع کی، مگر کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ انجام اتنا ہولناک ہوگا۔
پولیس جب ان کے گھر پہنچی تو اندر سے ایسی حقیقت سامنے آئی جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ گھر کے اندر موجود ایک بیرل (ڈرم) سے لاش کے ٹکڑے برآمد ہوئے۔ اس انکشاف کے بعد پولیس نے مقتول کے بیٹے اکشت پرتاپ سنگھ کو حراست میں لے کر تفتیش کی۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش اکشت نے اپنے والد کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ والد چاہتے تھے کہ بیٹا میڈیکل کے شعبے میں کیریئر بنائے، جبکہ بیٹا اس فیصلے سے متفق نہیں تھا۔ اسی معاملے پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے ایک بار پھر جھگڑا ہوا، جس کے بعد مبینہ طور پر بیٹے نے رائفل سے فائر کر کے والد کو قتل کر دیا۔ الزام ہے کہ قتل کے بعد اس نے لاش کو تیسری منزل سے نیچے لایا، ایک خالی کمرے میں لاش کے ٹکڑے کیے، انہیں پلاسٹک میں پیک کیا اور کچھ حصے گھر میں موجود نیلے ڈرم میں ڈال دیے جبکہ بعض حصے باہر لے جا کر ٹھکانے لگا دیے۔
رپورٹس کے مطابق ملزم کی بہن نے یہ منظر دیکھا تو اسے مبینہ طور پر دھمکا کر خاموش کرا دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے بعد فرانزک ٹیم کو طلب کر لیا ہے اور لاش کے باقی حصوں کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان کے بکھرنے کی داستان ہے بلکہ والدین اور اولاد کے درمیان بڑھتی خلیج کی ایک افسوسناک مثال بھی بن گیا ہے۔