بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سارہ عمیر کا طلاق سے متعلق بیان پر مؤقف تبدیل، شوہر کو اپنا مضبوط سہارا قرار دے دیا

پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے اپنی نجی زندگی سے متعلق دیے گئے سابق بیان کے برعکس حالیہ گفتگو میں مختلف مؤقف اختیار کیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے میزبان و اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں کیریئر، شادی اور ذاتی تجربات پر کھل کر بات کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے متعدد بار اپنے شوہر اور ہدایت کار محسن طلعت کا ذکر کیا، تاہم انہیں “سابق شوہر” کہنے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ سارہ عمیر 2014ء تک شوبز انڈسٹری میں سرگرم اور نمایاں نام رہی ہیں، لیکن محسن طلعت سے شادی کے بعد انہوں نے میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ اس جوڑے کے دو بیٹے بھی ہیں۔
انٹرویو میں سارہ عمیر نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنے شوہر کے کیریئر سے متعلق مشوروں کو نظر انداز کرنے کا افسوس ہے۔ ان کے مطابق بعض فیصلوں میں شوہر کی رائے نہ ماننے کی وجہ سے انہیں پیشہ ورانہ نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ ہر نئے کردار سے پہلے اپنے شوہر سے مشورہ ضرور کرتی ہیں۔
اداکارہ نے جذباتی انداز میں کہا کہ انڈسٹری میں ان کا کوئی قریبی دوست نہیں، سوائے محسن کے۔ “میرا حقیقی دوست میرا شوہر اور میرے بچوں کا باپ ہے،” انہوں نے کہا۔
رشتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ عمیر نے بتایا کہ انہیں اپنے پیاروں کو کھونے کا شدید خوف رہتا ہے، خواہ وہ والدین ہوں، بچے ہوں یا شوہر۔ ان کے مطابق مرد عورت کی زندگی میں ایک اہم اثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں، وہ نگہبان اور کفیل ہوتے ہیں اور بعض معاملات میں انہیں قیادت کا کردار ملنا چاہیے۔
یہ بیان اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنا کیونکہ اس سے قبل ایک پروگرام میں سارہ عمیر اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کر چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ ریئلٹی شو تماشہ میں اس لیے شریک ہوئیں تاکہ اپنی طلاق کے صدمے سے باہر نکل سکیں۔
ان کے حالیہ مؤقف نے مداحوں کو حیران بھی کیا اور سوچنے پر بھی مجبور کر دیا ہے کہ وقت اور حالات کے ساتھ انسان کے خیالات اور ترجیحات کس طرح بدل سکتے ہیں۔