لاہور(ممتاز نیوز)پنجاب پولیس نے ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کرکے کنٹرول روم بھی قائم کرلیا۔آئی جی پنجاب نےکہاکہ 14 اضلاع کے 20 حلقوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ ضمنی انتخابات کے 3100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر 52 ہزار سے اہلکار و افسران تعینات کیے گئے ہیں۔خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر لیڈی پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی ۔لاہور کے 4 حلقوں میں 9 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، سیف سٹی کیمرے مانیٹرنگ میں مدد دینگے۔ ضمنی انتخابات کی سکیورٹی پر تعینات افسران و اہلکار ایس او پیز کے مطابق آج سے ہی فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے سنٹرل پولیس آفس اور ضلعی سطح میں کنٹرول روم قائم کیاگیا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ اسلحے کی نمائش، پرائیویٹ مسلح افراد، بینر اور مخالفین کے کیمپس اکھاڑنے اور لڑائی جھگڑے کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارؤائی ہوگی۔انتخابی سامان اور بیلٹ پیپرز کی بحفاظت ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔نقص امن کا باعث بننے والے عناصر قانون کی گرفت میں ہونگے، الیکشن کمیشن کو پوری معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر انتخابی حلقے میں اینٹی رائٹس فورس اور ایلیٹ فورس کے جوان الرٹ رہیں گے۔تمام جماعتوں کے امیدواروں سے بلاامتیاز شورٹی بانڈز لے لیے گئے ہیں۔ نتائج کے اعلان کے بعد لڑائی جھگڑے، ہوائی فائرنگ نہیں کرنے دی جائے گی۔ضمنی انتخابات کے حلقوں میں پولیس کے فلیگ مارچ جاری رہے گی، لاہور اور ملتان میں خصوصی اقدامات اٹھا لئے گئے۔آئی جی پنجاب نےپولیس افسران کو مکمل دیانتداری اور غیر جانبداری سے قومی ذمہ داری ادا کرنے کے واضح احکامات جاری کردیئے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ فیلڈ افسران اپنے ذاتی کنڈکٹ کے خود ذمہ دار ہونگے، کسی قسم کی کوتاہی اور اختیارات سے تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اسپیشل برانچ اور حساس ادارے ڈیوٹی پر مامور اہلکار و افسران کی کارکردگی کی خفیہ نگرانی کریں گے۔
ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل، کنٹرول روم قائم: آئی جی پنجاب








