لاہور(ممتاز نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن آزاد کشمیر اسمبلی مقبول گجر محکمہ داخلہ پنجاب کی پابندی کے باوجود ضمنی الیکشن سے قبل لاہور پہنچ گئے۔
ضمنی انتخاب میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔
مقبول گجر کے لاہور پہنچنے پر پولیس بھی انہیں حراست میں لینے پہنچی، پولیس نے حکومتی آرڈر پر مقبول گجر سے دستخط کرائے، اس دوران مقبول گجر اور ایس ایچ او عاطف کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔
مقبول گجر نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کا وزیر ہوں، مجھے نہیں روکا جاسکتا، جواب میں ایس ایچ او نے کہا کہ ہمارے ساتھ تھانے چلیں باقی وہاں بات کرتے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مقبول گجر گاڑی میں بیٹھ کر پولیس کے ہاتھوں سے نکل گئے تاہم ان کے ساتھ آزاد کشمیر سے آئے پی ٹی آئی کے 3 کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔









