اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمیں پرامن طریقے سے ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں پولیس آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ہمیں ہراساں کر رہی ہے، پولیس کہتی ہے کہ ضلع لودھراں کے علاوہ باہر کے رہائشی لوگ یہاں نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خود کے پی کے سے ہوں، ہمارے ڈرائیورز اور سکیورٹی گارڈز بھی اسلام آباد اور کے پی کے سے ہیں، لودھراں پولیس پچھلے تین گھنٹے سے ہمارے گھر پر موجود ہیں اور ہمیں الیکشن کی تیاریوں سے روکا جا رہا ہے، پولیس کی بھاری نفری ہمارے گھروں پر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا خیبرپختونخوا پاکستان کا حصہ نہیں؟ کیا اسلام آباد پاکستان میں نہیں آتا؟ 2013 کے جنرل الیکشن میں جن چار حلقوں کے کھولنے کا عمران خان نے مطالبہ کیا تھا یہ لودھراں کا وہی حلقہ ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگ اس الیکشن میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں۔









