لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی نااہلی جگہ جگہ نظر آرہی ہے۔
حماد اظہر نے لاہور گڑھی شاہو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی خود مختاری سستے داموں بیچی، یہ لوگ ملکی خود مختاری بیچ کر قوم پر مسلط ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے غریب کو چھت دینے کیلئے پناہ گاہوں کا جال بچھایا تھا، یہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کیلئے نہیں آئے، یہ فاشسٹ حکومت ہے، ان کا وزیرداخلہ سب کو دھمکیاں دیتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ یہ عوام کے سامنے کھڑا نہیں ہو سکتے، آج شام کے نتائج ثابت کر دیں گے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نااہلی جگہ جگہ نظر آرہی ہے، ہمارے کارکن پرجوش ہیں، آج ہماری فتح ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے جو ہمارے کارکنوں کے ساتھ کیا سب کے سامنے ہے، ہم الیکشن بیرونی قوتوں کے خلاف لڑرہے ہیں اور ن لیگ بیرونی قوت کی خواہش پر کھڑی ہے، آج اس لائی گئی حکومت کا عوام احتساب کریں گے۔









