متنازع بیانات کے حوالے سے معروف امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایران سے جاری کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل کی حمایت میں شامل نہ ہونے پر عرب ممالک پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن میں کیپٹل ہل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کی جانب سے اس تنازع میں عملی کردار ادا نہ کرنا انہیں شدید مایوسی میں مبتلا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق خطے کے اہم ممالک کا غیر جانبدار رہنا موجودہ صورتحال میں قابلِ تشویش ہے۔
سینیٹر گراہم نے ان ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو ایران سے کشیدگی کے دوران غیر جانبداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج اور اتحادی افواج اپنے دفاع اور شراکت داروں کے تحفظ کے لیے خطرات مول لے رہی ہیں، جبکہ بعض ممالک خود کو اس صورتحال سے الگ رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عرب ممالک اس تنازع سے لاتعلق نہیں رہ سکتے اور موجودہ جنگ کے دوران ان کی غیر فعالیت ناقابل قبول ہے۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر سعودی عرب ایران کے خلاف کسی ممکنہ جنگ میں عملی طور پر شریک ہونے کے لیے تیار نہیں تو پھر امریکا کو اس کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیوں برقرار رکھنا چاہیے۔
ایران تنازع: اسرائیل کی حمایت نہ کرنے پر لنزے گراہم کی عرب ممالک پر تنقید








