صدر مملکت آصف علی زرداری نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستانی شہری علاقوں کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ افغانستان میں قائم غیر قانونی حکومت دہشت اور وحشیانہ طاقت کے ذریعے اپنے وعدوں سے مسلسل مکر رہی ہے، جن میں دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے کا وعدہ شامل تھا۔ اب یہ حکومت اسلامی دنیا کی ایک بڑی عسکری طاقت کو اشتعال دلانے کی جسارت کر رہی ہے۔
صدر نے واضح کیا کہ طالبان حکومت کے شہری علاقوں پر حملے کرنے کا اقدام ایک سرخ لکیر عبور کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہے، اور اس قسم کے حملے اس کوشش کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔
افغان طالبان کے شہری علاقوں پر حملے سرخ لکیر، پاکستان شدید تشویش میں: صدر زرداری








