بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی میں نیا قبرستان اور ترقیاتی منصوبے، شہریوں کی سہولت کو ترجیح: مرتضیٰ وہاب

مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں ایک نیا قبرستان قائم کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو سہولت میسر ہوگی۔
کے ایم سی آفس میں پریس کانفرنس کے دوران میئر کراچی نے بتایا کہ شہر کے کمرشل اور پرانے علاقوں کی حالت غیر تسلی بخش تھی، جس کے حل کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی مختلف ترقیاتی کام کر رہی ہے۔ اولڈ سٹی ایریا میں 75 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لی مارکیٹ، کھجور مارکیٹ، میٹھادر اور کھارادر کے علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جن پر مجموعی طور پر ایک ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
میئر کراچی نے بتایا کہ اس سال شہر پر کل 68 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، اور اس ضمن میں 1058 اسکیمیں شامل ہیں جن میں سڑکوں کی بحالی، پرانی عمارتوں کی تعمیر نو اور ٹاؤن کی اندرونی گلیوں کی ترقی شامل ہے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔
انہوں نے گل پلازہ کے اطراف کے علاقوں میں ترقیاتی کام کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کڈنی ہل پارک پر پرندوں کے لیے نئی ایوری تعمیر کی جارہی ہے، جو شہر کی سب سے بڑی ہوگی۔
میئر نے بتایا کہ نیا قبرستان میمن گوٹھ روڈ پر دو ماہ میں مکمل کیا جائے گا، جس پر 43 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اسی طرح عظیم پورہ انٹر سیکشن پر فلائی اوور بنایا جا رہا ہے تاکہ سگنل کے مسئلے کو حل کیا جا سکے اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے۔