بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

این ٹی ایس ٹیسٹ میں 40 فیصد نمبر اہلیت کے لیے لازمی، سپریم کورٹ کا فیصلہ

سپریم کورٹ پاکستان نے این ٹی ایس ٹیسٹ میں کم از کم 40 فیصد نمبر حاصل کرنا اہلیت کے لیے لازمی قرار دیتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کے سابقہ حکم کو کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ این ٹی ایس ٹیسٹ میں فیل ہونے والے امیدواروں کی بھرتی کے لیے دائر درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ بھرتی کے عمل میں شامل ہونے کے بعد امیدوار ٹیسٹ میں ناکامی کو بنیاد بنا کر قانونی چارہ جوئی نہیں کر سکتے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ محکمہ تعلیم کی 2017 کی بھرتی پالیسی قانونی ہے اور عدالتیں پالیسی سازی میں مداخلت نہیں کر سکتیں۔ پشاور ہائی کورٹ کا یہ مشاہدہ کہ وزیر تعلیم کی ہدایات کی قانونی حیثیت نہیں، غلط تھا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ صوبائی وزیر تعلیم رولز آف بزنس کے تحت بھرتی کے معیار کا تعین کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، اور ماتحت عدالتوں نے 2014 کی منسوخ شدہ پالیسی پر انحصار کیا، جس کی بنیاد پر فیل امیدواروں کو میرٹ لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
یہ فیصلہ این ٹی ایس ٹیسٹ میں 40 فیصد سے کم نمبر لینے والے امیدواروں کو میرٹ لسٹ میں شامل کرنے کی درخواستوں کو مسترد کرتا ہے اور بھرتی کے معیار پر عدالتوں کی مداخلت کو مسترد کرتا ہے۔