امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کسی بھی صورت آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر محفوظ اور آزاد بنائے گا تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر بیان میں کہا کہ امریکا توقع کرتا ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک اس اہم سمندری گذرگاہ کی حفاظت کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز تعینات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے تیار ہیں تاکہ ایران کی جانب سے کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں یا جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید براں، انہوں نے سعودی عرب کے شہزادہ سلطان ایئر بیس پر ایرانی حملے کے حوالے سے خبروں کی تردید کی، جن میں کہا گیا تھا کہ 5 امریکی ٹینکر طیارے تباہ ہو گئے۔ ٹرمپ کے مطابق، حملے میں ایئر بیس کو نقصان ضرور پہنچا لیکن چار طیارے معمولی یا بغیر نقصان کے رہے، اور ایک طیارے کو نسبتاً زیادہ نقصان پہنچا تھا، جسے جلد مرمت کے بعد دوبارہ استعمال کے قابل بنا لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کو ملانے والی دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے تقریباً 20 فیصد خام تیل کی عالمی ترسیل ہوتی ہے۔
ٹرمپ کی دھمکی: “اتحادیوں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کھولیں گے”








