امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک بڑی آئل ریفائنری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹیکساس کے شہر پورٹ آرتھر میں واقع Valero کی ریفائنری میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے قبل زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جن کی شدت سے قریبی گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے تک لرز اٹھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہو گئیں۔
یہ ریفائنری روزانہ تقریباً ساڑھے چار لاکھ بیرل خام تیل کو پراسیس کر کے پٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے باعث اسے علاقے کی اہم صنعتی تنصیبات میں شمار کیا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی آگ لگنے کی وجوہات واضح ہو سکیں گی۔









