بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغانستان کی صورتحال: بڑھتی انتہاپسندی اور علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات

افغانستان میں موجودہ حالات اور حکومتی کمزوریوں کے باعث نہ صرف ملک کے اندرونی نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ اس کے اثرات پورے خطے اور عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
امریکی جریدے سمال وارز جرنل کی ایک تفصیلی رپورٹ میں افغانستان کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہاں پھیلتے شدت پسند گروہ اور مجرمانہ نیٹ ورکس خطے کے ممالک کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں مفلوج سیاسی نظام، نظریاتی سختی اور عالمی سطح پر تنہائی نے ایسے خطرات کو جنم دیا ہے جو ملکی سرحدوں سے باہر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں۔ حکومتی ڈھانچے کی کمزوری، ناکام ادارے، گہرا معاشی سکڑاؤ اور سماجی سطح پر بڑھتا ہوا اخراج عدم استحکام میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
معاشی بحران کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی غربت اور افلاس کا شکار ہو چکی ہے، جبکہ بنیادی سہولیات تک رسائی بھی محدود ہوتی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ عالمی تنہائی کے باعث افغانستان میں انتہا پسندانہ بیانیے اور جرائم پیشہ عناصر کو پنپنے کا موقع مل رہا ہے، جو مستقبل میں مزید بڑے خطرات کو جنم دے سکتے ہیں۔
خصوصی طور پر خواتین کے حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جہاں تعلیم، روزگار اور سماجی شرکت پر پابندیاں نہ صرف انسانی حقوق کے مسائل کو بڑھا رہی ہیں بلکہ ریاستی اداروں کے زوال کو بھی تیز کر رہی ہیں۔
عالمی ماہرین کے مطابق افغانستان کی موجودہ صورتحال عالمی سلامتی کے لیے ایک بڑھتا ہوا چیلنج بنتی جا رہی ہے، اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات مزید وسیع ہو سکتے ہیں۔