ایران کی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ “وعدہ صادق 4‘‘ آپریشن کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس 78ویں میزائل لہر کے دوران خطے میں امریکی اہداف اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت متعدد اہداف پر ملٹی وار ہیڈ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں “عماد” اور “قدر” میزائل استعمال کیے گئے جبکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اب تک زیادہ تر جنگی یونٹس اور بسیج فورسز کو مکمل طور پر میدان میں نہیں اتارا گیا، تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں بھی شامل کیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل پر نئے میزائل حملے کیے گئے ہیں، جن میں اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی اسرائیل میں نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ متعدد مقامات پر ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
ماہرین کے مطابق یہ تازہ ترین میزائل حملے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں اور عالمی سطح پر توانائی کی مارکیٹ اور سلامتی کے حوالے سے تشویش پیدا کر سکتے ہیں۔
ایران نے 78ویں میزائل لہر کا آغاز کر دیا، تل ابیب اور امریکی فوجی اڈے نشانہ








