بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا اور ایران کے درمیان کوئی براہ راست یا بالواسطہ بات چیت نہیں ہوئی، ایرانی سفیر

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے واضح کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان نہ تو براہ راست اور نہ ہی بالواسطہ کسی قسم کی بات چیت ہوئی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت چند دوست ممالک تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اُمید ہے کہ یہ سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف دوست ممالک کشیدگی کم کرنے اور جارحیت کے خاتمے کے لیے دونوں فریقین سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، تاہم ان کی معلومات کے مطابق اب تک کسی قسم کی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اس حوالے سے کہا کہ کئی ممالک ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر رہے ہیں، اور ایران ان پیغامات کا جواب دے رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا مؤقف بدستور یہی ہے کہ وہ اپنے دفاع کا حق استعمال کرتا رہے گا، اور موجودہ حالات میں جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملے جاری ہیں، ایسے میں مذاکرات کی باتیں قابلِ اعتبار نہیں لگتیں۔
ترجمان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اپنے پاکستانی ہم منصب سمیت مختلف ممالک کے سفارت کاروں سے رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کا سفارتی حل تلاش کیا جا سکے۔