اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیاب کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں 22 تاریخ کو پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ ہواہے۔
عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد شیخ رشید نے میڈیا کو بتایا کہ پرویز الٰہی وزیراعلی پنجاب کے امیدوار ہوں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئندہ الیکشن کی تیاری کرنے کا کہہ دیا ہے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کور کمیٹی ارکان نے عمران خان کو سندھ میں متحرک ہونے کا مشورہ دیا ہے اور چیئرمین کی جانب سے سندھ کا دورہ جلد متوقع ہے۔
پنجاب میں انتخابی جیت پر کور کمیٹی ارکان کی میٹھے چاول سے تواضع کی گئی جبکہ سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی جانب سے شرکا کو میٹھے چاول پیش کئے گئے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، سینیٹر شہزاد وسیم، مراد سعید، اسد عمر، فواد چودھری، شیریں مزاری، حماد اظہر، اسد قیصر، عمر ایوب، ڈاکٹر یاسمین راشد، سیف اللہ نیازی، شفقت محمود اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان بنی گالہ پہنچے ۔ ضمنی انتخابات جیتنے پر کور کمیٹی اجلاس میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
پی ٹی آئی کا پنجاب میں حکومت بنانے کا فیصلہ








