اسلام آباد(نیوزڈیسک) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے چین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان میں انسانی امداد اور سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور سی پیک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چینی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے افغان امن اور تعمیر نو میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ افغانستان کے اثاثہ جات کو غیر منجمد کیا جائے، پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کے لئے حمایت جاری رکھے گا۔
سہیل محمود نے یہ بھی کہا کہ اثاثہ جات کو غیر منجمد کرنے اور بینکنگ نظام فعال کرنے سے افغان عوام کی مشکلات کم ہو سکیں گی۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے مزید کہا کہ افغان حکومت لڑکیوں کی تعلیم سمیت تمام افغانوں کو برابر کے حقوق دے۔
پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کے لئے حمایت جاری رکھے گا، سیکرٹری خارجہ








