کراچی (نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما اور بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مؤثر سفارتکاری اور حکمت عملی کے ذریعے دنیا کے امن کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت نے بروقت اقدامات کے ذریعے ایک بڑے عالمی تصادم کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
زاہد ملک نے مزید کہا کہ دنیا کو ممکنہ تیسری عالمی جنگ سے بچانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امن کے نوبل انعام کا حقدار قرار دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خاموش مگر نتیجہ خیز کوششوں نے اسلامی امہ، خطے اور عالمی سطح پر امن کو فروغ دیا اور جنگ کی تباہ کاریوں سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں دنیا کے سات ارب سے زائد انسانوں کی زندگیاں اور عالمی معیشت کو ممکنہ نقصان سے محفوظ بنایا گیا۔
زاہد ملک نے حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر عالمی برادری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔









