اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سفارتی محاذ پر قابلِ ذکر کامیابی حاصل کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے معاملے میں پاکستان کا کردار ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر نمایاں رہا۔ ان کے مطابق پاکستان نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے مؤثر اور متوازن سفارتکاری کی۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسٹریٹجک رہنمائی خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہوئی ہے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی فعال سفارتکاری نے بھی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی قیادت کے بروقت فیصلوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ اسلام آباد کی سفارتی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں اور دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔
رانا مشہود احمد خان کے مطابق پاکستان نے کشیدگی کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دے کر عالمی برادری کے سامنے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔









